لاہور: (دنیا نیوز) اعتزاز احسن کا کہنا ہے سینیٹ چیئرمین کے لیے بہت سے ناموں پر غور ہو رہا ہے ، سلیم مانڈوی والا سہر فہرست ہیں اور انھیں ووٹ مانگنے کا بھی اختیار دیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ابھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے کہ اگر نوازشریف کو سپریم کورٹ طلب کرے گی تو چارج وکلا اور کارکن بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا ہو سکتا ہے کہ 1998 کی طرح چیف جسٹس کے چیمبر پر حملہ کر دیں ، 1998میں نوازشریف اور شہباز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا لیکن انھیں کچھ نہیں کہا گیا ، مقدمہ 3 ایم پی ایز پر چلایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کل آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی ، دوںوں میں کوئی اختلاف رائے نہیں ، امید ہے سینیٹ چیئرمین پیپلزپارٹی کا اور متفقہ ہوگا۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا ایون فیلڈ کے کیس میں ان کو سزا ہونی ہی ہونی ہے ، شریف فیملی نے کوئی منی ٹریل نہیں دی ، صفائی میں انکا موقف کوئی نہیں ہے ، وہ یہ کوشش کر رہے ہیں جیل کا دروازہ نہیں دیوار توڑ کر نکلا جائے ، ان لوگوں کو ٹرائل میں سزا ہوگی۔