پیپلز پارٹی کا چیئرمین سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار لانے پر غور

Published On 11 Mar 2018 12:27 PM 

رضا ربانی اور سلیم مانڈوی والا کے نام تاحال امیدواروں کی ریس میں شامل ، دیگر جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا

اسلام آباد (دنیا نیوز ) پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار لانے پر غور شروع کر دیا۔ رضا ربانی اور سلیم مانڈوی والا اب بھی ریس میں موجود ہیں۔ حتمی فیصلے کیلئے مشاورتی اجلاس آج پھر طلب کر لیا گیا۔

بلوچستان حکومتی اتحاد نے صادق سنجرانی کا نام پیش کر دیا، تحریک انصاف نے بھی حمایت کر دی، دیگر جماعتوں سے بھی رابطے شروع ہوگئے۔
چیئرمین سینیٹ کس کا ہوگا سیاسی جماعتوں کی ریس مزید ہوگئی، ریس کے بڑے کھلاڑی آصف زرداری نون لیگ کا راستہ روکنے کیلئے ایکشن میں ہیں۔ بلاول بھٹو کے ساتھ ملاقات میں سلیم مانڈوی والا اور رضا ربانی کے ناموں

پر مشاورت کی گئی۔ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کی نا تجربہ کاری پر اپنا امیدوار لانے پر بھی غور شروع کر دیا، حتمی فیصلے کیلئے آج پھر بیٹھک ہوگی۔

فضل الرحمان بھی رضا ربانی کے نام پر اتفاق رائے کیلئے متحرک ہیں۔ پیپلز پارٹی کو نون لیگ کے ساتھ رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ بلوچستان کی پارلیمانی گروپ کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی گئی۔ حکومتی گروپ نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو فائنل کردیا۔ بلوچستان حکومتی اتحاد نے صادق سنجرانی کی حمایت کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے شروع کر دئیے۔ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کل ہوگا۔