اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم بہادرآباد نے اپنے ووٹ چیئرمین سینٹ کے لئے صادق سنجرانی کے پلڑے میں ڈال دیئے ، فاٹا اراکین بھی اپوزیشن کے آزاد امیداوار کی حمایت کریں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارے 5 ارکان صادق سنجرانی کا ساتھ دیں گے ، ہم نے ایسے موقع پر فائدے حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی ، صادق سنجرانی کو ووٹ بھی دیں گے اور مہم بھی چلائیں گے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور صادق سنجرانی کا پورا وفد آیا، ایم کیو ایم پاکستان بلوچستان کے مسائل سے آگاہ ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا بلوچستان کے حقوق کے حوالے سے ہمیشہ آواز بلند کی ، ہماری خواہش تھی ایوانوں میں چھوٹے صوبوں کی نمائندگی ہو ، ہمیں ریونیو سے 2 سے 5 فیصد بھی نہیں ملتا۔ ان کا کہنا تھا فیڈریشن کی مضبوطی کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ صادق سنجرانی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے وفد نے بھی ہم سے ووٹ مانگا تھا لیکن ہم سلیم مانڈوی والا کو ووٹ نہیں دے رہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ایم کیو ایم دوبارہ نظر ثانی کرے اور پینل کو ووٹ دیں۔
فاٹا اراکین نے بھی آزاد امیدوار صادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سینیٹر ہدایت اللہ کا کہنا ہے فاٹا کے تمام 8 ووٹ صادق سنجرانی کو دینگے، فاٹا اراکین نے ڈپٹی چئیرمین شپ کے لئے تمام جماعتوں سے رابطہ کیا لیکن کسی پارٹی نے مثبت جواب نہ دیا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کی اس لئے حمایت کر رہے ہیں کہ وہ ہماری طرح پسماندہ علاقہ ہے فاٹا سینیٹرز سنجرانی کو ووٹ دینگے۔