پاکستان کو تصادم سے بچانا ہےِ، دست و گریباں کا ماحول درست نہیں: شہباز شریف

Last Updated On 21 March,2018 11:04 am

لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا لندن کا دورہ نجی ہے، معمول کا طبی معائنہ کرانے کے ساتھ ساتھ کچھ اجلاسوں میں شرکت اور بیگم کلثوم نواز کی عیادت کروں گا۔

قبل ازیں لاہور میں رکن قومی اسمبلی عارفہ خالد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا نیازی صاحب! دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے کا وقت آن پہنچا، انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے منفی سیاست کا احتساب کرینگے، ہمارا ماضی اور حال عوام کی خدمت اور ترقی کے اقدامات سے عبارت ہے، عوامی خدمت کے جذبے سے عاری عناصر کو پنجاب کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی، پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے سب کو ملکرکام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا نیازی صاحب نے خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کے بجائے الزام تراشی میں وقت ضائع کیا، پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنیوالوں کی اپنے صوبوں میں کارکردگی صفر ہے، یو ٹرن، دھرنا، الزام تراشی اور جھوٹ نیازی صاحب کی پہچان ہے، آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی لے کر عوام کی عدالت میں جائینگے۔

لاہور میں پی ایس ایل میچوں کے انعقاد پر تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا دنیا جان لے، پاکستان پرامن اور اس کے شہری کرکٹ کے شیدائی ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی جلد یہاں دیکھنے کو ملیں گے، پی ایس ایل تھری کے میچوں کا پاکستان میں انعقاد کھیل کے میدان میں تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے، کسی کو قوم کی خوشیاں نہیں چھیننے دینگے۔

ڈاؤن سینڈروم سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ڈاؤن سینڈروم بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، اس دن کو منانے کا مقصد مرض سے بچاؤ اور علاج معالجے کے بارے میں آگاہی دینا ہے، آج کے دن ہمیں ڈاؤن سینڈروم میں مبتلا خصوصی بچوں کی نگہداشت اور علاج معالجے کیلئے کام کرنے کا عزم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔