سابق سیکرٹری کے انکشافات حقیقت نہیں، سازش ہے: تہمینہ درانی

Last Updated On 11 April,2018 02:50 pm

تہمینہ درانی کے سابق سیکریٹری زبیر محمود نے کہا تھا شہباز شریف نہیں چاہتے مریم نواز لیڈر بنیں

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کا کہنا ہے کہ زبیر محمود کی سنائی گئی کہانی میں کوئی حقیقت نہیں، سب کچھ سوچی سمجھی سازش کے تحت ہو رہا ہے، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا۔

تہمینہ درانی کے سابق سیکریٹری زبیر محمود نے اپنی آنے والی کتاب کے حوالے سے ایک نجی ٹیلی وژن کے ٹاک شو میں میزبان کو بتایا تھا کہ شہباز شریف نہیں چاہتے کہ مریم نواز لیڈر بنیں۔ چوہدری نثار، شہبازشریف کی ہدایات پر نوازشریف کی طے شدہ مخالفت کررہے ہیں۔ تہمینہ درانی کے گھر پر شہباز شریف اور چوہدری نثار کی 2 درجن سے زائد ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

زبیر محمود نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ میڈیم تہمینہ درانی کے ٹیکسٹ میسجز اور فون کال ریکارڈ ان کے پاس محفوظ ہیں، زبیر محمود کے مطابق میڈم کی ہدایت تھی کہ اسے محفوظ رکھوں، 10 سال بعد کتاب شائع کروں لیکن میں نے کچھ جلدی کر دی، چار ماہ میں کتاب سامنے آجائے گی۔

تہمینہ درانی نے سابق سیکریٹری کے انکشافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ زبیرمحمود کی کبھی چوہدری نثار سے ملاقات نہیں ہوئی، چوہدری نثارہمارے گھر کا ایک فرد ہیں جنہیں نوازشریف سے پہلے سے جانتی ہوں۔ تہمینہ درانی نے کہا کہ ان کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں۔ تہمینہ درانی نے مزید کہا کہ سنا ہے زبیر محمود کوئی کتاب لکھ رہاہے، یہ سب کچھ پلانٹڈ ہورہا ہے،انہیں کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا