گوجرانوالہ : (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ابرارالحق کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن سے قبل آدھی ن لیگ کو اڈیالہ جیل میں دیکھ رہا ہوں، لاہور مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے جلسے میں بہت بڑی سیاسی شخصیات تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں گی۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں مزید صوبے بننے چاہیں، لیکن صوبےلسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر بننے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آئے روز تین سے چار ممبران اسمبلی انہیں چھوڑ کے دوسری جماعتوں میں شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آدھی سے زیادہ ن لیگ کو اڈیالہ جیل میں دیکھ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن میں چوہدری نثار ہیں جو سیاسی سوچ وچار رکھتے ہیں۔ چوہدری نثار سے میری ملاقات ہوتی رہتی ہے، وہ بہت اچھے اور محب وطن انسان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی جانب سے جتنے بھی سوموٹو ایکشن لیے گئے ہیں وہ عوام کی فلاح وبہود کے لیے ہیں۔ نئی حلقہ بندی میں یہ جتنے مرضی ٹیڑھے حلقے بنا لیں الیکشن تحریک انصاف ہی جیتے گی۔