نواز شریف نے کشمیری تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا: عمران خان

Last Updated On 10 April,2018 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے نواز شریف نے کشمیری تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، نواز شریف نے مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر حریت قیادت سے ملاقات تک نہ کی اور اپنے کاروبار کو فوقیت دی۔ انہوں نے کہا اہل کشمیر کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 سری نگر کے جریدے کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بندوق کی نوک پر امن اور خوشگوار تعلقات ممکن نہیں، مودی سرکار بزورِ قوت کشمیریوں کے حقوق غصب اور انسانی حقوق پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن تنازعات کے حل سے وابستہ ہے، تنازعہ کشمیر بہت اہم مسئلہ ہے جسے حل کیا جانا ناگزیر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مشرقی تیمور کی طرح تنازعہ کشمیر کا حل بھی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں پوشیدہ ہے، ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات کی نوعیت کا تعین کرتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کشمیر کمیٹی ہر لحاظ سے ناکامی رہی ہے، کشمیر کمیٹی والے مولانا نے مراعات سمیٹنے اور سرکاری خرچ پر دنیا گھومنے کیلئے کمیٹی کی سربراہی قابو کر رکھی ہے، مولانا کی ساکھ ایسی ہے کہ یورپ کے کئے ممالک انہیں ویزہ تک نہیں دیتے۔ عمران خان نے کہا کہ کشمیر پر جامع، متحرک اور مؤثر پالیسی بنائیں گے۔

 

Advertisement