کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کا بھی شبیر قائم خانی سے رابطہ، کھلاڑی بننے کی دعوت، عامر خان منانے پہنچ گئے۔ ناراض رہنماء نے واپسی کیلئے متحدہ کے متحد ہونے کی شرط رکھ دی، مستقبل کا فیصلہ استخارے سے مشروط کردیا۔
متحدہ کے ناراض رہنما شبیر قائم خانی اہمیت اختیار کرگئے۔ پیپلزپارٹی کے بعد تحریک انصاف نے بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ حلیم عادل شیخ نے رہائش گاہ پر شاہ محمود قریشی سے بات کروائی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ہمارے ہاتھ مضبوط کریں۔
دوسری جانب ایم کیوایم بہادرآباد کے رہنماء عامر خان بھی شبیرقائم خانی کومنانے پہنچے، بولے آپ سینئر کارکن ہیں، واپس آجائیں۔ پارٹی کوآپ کی ضرورت ہے، مزید نقصان برداشت نہیں کرسکتے۔ شبیر قائم خانی نے صلح کے لیے متحدہ کے متحد ہونے کی شرط رکھ دی کہا جب تک آپ ایک نہیں ہو جاتے میں واپس نہیں آؤں گا۔ جس پر عامر خان نے ہاتھ کھڑے کردیے اور کہا کہ ہم نے کوشش کرلی، معاملہ اب ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔
شبیرقائم خانی نے کہا کہ اب استخارہ کر کے فیصلہ کروں گا کہ مستقبل میں کیا کرنا ہے۔ پی ایس پی، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی سے شمولیت کی آفر ہے۔