فاروق ستار کی ایم کیوایم بہادر آباد کو فائنل پیشکش

Last Updated On 08 April,2018 09:29 am

کراچی: (دنیا نیوز) ايم کيو ايم پی آئی بی کے سربراہ فاروق ستار کہتے ہيں پارٹی کے اراکين اسمبلی کی وفادارياں تبديل کی جارہی ہيں، ان پر شديد دباؤ ہے، بار بار کہا کہ مل بيٹھ کر تمام مسائل کو حل کيا جائے، خالد مقبول صديق اور انہیں اختيار ديا جائے۔

کراچی پی آئی بی ميں اپنی رہائش گاہ پر پريس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے انکشاف کيا کہ ايم کيوايم کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی وفادارياں تبديل کرائی جارہی ہيں۔ ان پر شديد دباؤ ہے، رہنماؤں کی پريشانياں وہ ديکھ رہے ہیں۔ فاروق ستار نے پی آئی بی اور بہادرآباد کی رابطہ کمیٹی تحلیل کرکے ان پر اور ڈاکٹر خالد مقبول پر مبنی دو رکنی مرکزی پالیسی ساز کمیٹی بنانے کی بہادرآباد کو فائنل تجویز دے دی۔

سربراہ ایم کیو ایم پی آئی بی نے کہا کہ ثالثوں نے بھی ان کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ اگر ملکر پارٹی کے معاملات خود ٹھیک کر لیں تو عدالت کے فیصلے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انکا کہنا تھا کہ وہ کارکنان کو یقین دلاتے ہیں کہ 15 سے 30 دن تک تمام مسائل حل کر لیں گے۔