پاکستان ہاؤس کراچی میں چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ کے شمشاد غوری، کاشف مغل اور رئیس نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے فکر اور فلسفے سے متاثر ہوکر لوگ تئیس پینتیس سالوں کی رفاقت چھوڑ کران کے پاس آرہے ہیں۔ دو سالوں میں ان کے ساتھ آنے والوں کا قافلہ نہیں رکا۔ ہم سندھ سے الیکشن جیتیں گے اور اپنا وزیراعلیٰ لائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہورہا ہے دو سال قبل کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ پی ایس ایل فائنل کا کریڈٹ پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے۔ پی ایس ایل کے لیے وہ شہر میں کئی مقامات پر اسکرین لگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پی ایس ایل کی وجہ سے کچرا اٹھ سکتا ہے تو پورا سال بھی کچرا اٹھ سکتا ہے۔ انتظامیہ کو پی ایس ایل کے بعد سونا نہیں چاہیئے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ مہاجر نام پر سیاست کرنے والے لاوارث ہوگے ہیں۔ ایم کیوایم سے ذاتی دشمنی یا لڑائی نہیں ہے، پاکستان میں ایم کیوایم کے نام پر جو بھی الزام لگادیا جائے سچ سمجھ لیا جاتا ہے۔ ایم کیوایم برآنڈ بدنام کردیا گیا ہے۔ خالد مقبول نے جو کہا افسوس ہے، جس طرح خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے اس پر افسوس ہے۔ وہ جانتے ہیں ایم کیوایم میں اچھی خواتین بھی ہیں۔