کراچی: (دنیا نیوز) مئیر کراچی کی مبینہ کرپشن کے خلاف ٹیم فکس اٹ میدان میں آگئی، وسیم اختر کی کرپشن کے خلاف نیب اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں کچرا اور بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے فکس اٹ کے تحت تبت سینٹر سے کے ایم سی ہیڈ آفس تک ریلی نکالی گئی۔ فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان نے کہا کہ پروگرام تو یہ تھا کہ میئرکراچی کے دفتر کے سامنے کچرا پھینکیں گے، لیکن پولیس اور انتظامیہ نے کے ایم سی ہیڈ آفس جانے والے تمام راستے بند کر دیئے۔
انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد ٹیم فکس اٹ کو میڈیا ٹاک کے لیے آگے جانے کی اجازت مل گئی۔ جہاں فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان نے میئرکراچی پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے۔انہوں نے کہا کہ وسیم اختر کا اختیارات نہ ملنے کا رونا ڈھکوسلے اور ڈرامے کے سوا کچھ نہیں۔
فکس اٹ اراکین نے میئر کراچی کی مبینہ کرپشن کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور کچرا پھینکے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔