راولپنڈی: (رضوان قاضی) این اے 56 سے ایم این اے منتخب ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا یہ تیسرا دورہ تھا، اب کینٹ سے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری شروع کرد ی۔
عمران خان نے 2013ء کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے حلقہ NA-56 سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسی حلقے کو رکھا جبکہ دیگر نشستیں خالی کر دی تھیں ، جس کے بعد اب تک ان کا اپنے حلقہ کا یہ تیسرا دورہ تھا، اس عرصہ کے دوران مخالف امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے انہیں سخت تنقید کا سامنا بھی کرناپڑا، عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں لیکن پی ٹی آئی کے سربراہ نے حلقہ کا دورہ نہ کیا اور عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے بنائی گئی کمیٹیوں نے بھی چند روز دفتر سجانے کے بعد خاموشی اختیارکرلی۔
نئی حلقہ بندیوں کے مطابق عمران خان راولپنڈی کینٹ کے حلقہ NA-61 سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں جس کیلئے مقامی قائدین اور کارکن ان کی انتخابی مہم بھی چلانا شروع ہوگئے ہیں جبکہ اسی حلقہ سے پارٹی کے دیگر رہنماء بھی الیکشن لڑنے کے خواہشمند تھے عمران خان کی آمد کا سن کر خاموشی اختیار کر لی۔