راولپنڈی: (دنیا نیوز) 2018 تبدیلی کا سال، الیکشن میں مخالفین کو شکست دیں گے، نیا پاکستان بنے گا، سبزپاسپورٹ کی دنیا میں عزت کرائیں گے۔ آئندہ الیکشن میں تمام جماعتوں کو پھینٹی لگاؤں گا۔
راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018 نئے پاکستان اور تبدیلی کا سال ہے لہذا نوجوان پی ٹی آئی کا ممبر بن کر میری ٹیم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان عوام کا پیسا چوری کر کے باہر لے جاتا ہے، میٹرو منصوبہ مال بنانے کے لئے بنایا گیا، راولپنڈی میٹرو ٹرین پر اربوں روپے خرچ کردیئے گئے جب کہ یہ پیسہ صحت، تعلیم اور صاف پانی پر لگا کر شہر کو بدلا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے کپتان کو مقابلہ کرنا آتا ہے اور 22 سال سے اس وقت کا انتظار کر رہا تھا، آئندہ الیکشن میں تمام جماعتوں کو پھینٹی لگاؤں گا۔ کرپٹ ٹولے کا خاتمہ ہوگا اور مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی بری طرح ہارے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سبز پاسپورٹ کی پوری دنیا میں عزت کرائیں گے۔ کپتان نے راولپنڈی میں ممبرسازی مہم کے مختلف کیمپوں کا دورہ کیا اور ممبر سازی مہم کا جائزہ بھی لیا۔