اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیسہ چلا کر آصف زرداری پنجاب فتح نہیں کرسکتے، شاہد خاقان بتائیں سینیٹ میں کہاں خرید و فروخت ہوئی، واجد ضیا پرجھوٹے حملے کیے جارہے ہیں۔ ڈاکٹررمیش کمارکوتحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے کانگریس سے علیحدہ ہونے کی وجہ بھارت میں مسلمانوں کو ان کے حقوق نہیں مل رہے تھے۔ اقلیتی برادری کو برابر کے حقوق ملنے چاہیں، جب ملک میں قانون سب کے لیے ایک ہوگا توسب کوحقوق ملیں گے۔ تحریک انصاف اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ اللہ نے اقتدار دیا تو اقلیتی برادری کو ان کے حقوق دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ 2013 کے الیکشن میں (ن) لیگ کے سوا تمام جماعتوں نے کہا دھاندلی ہوئی، ریٹرننگ افسران، نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کیساتھ مل کرمیچ فکس کیا گیا تھا۔ نگران حکومت کا ایک کام شفاف الیکشن کرانا ہوتا ہے۔ پچھلی حکومت شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہی۔ پچھلی باری، زرداری، نوازشریف نے مک مکا کر کے اپنے امپائر کھڑے کیے۔ اس بار پنکچر لگانے والے امپائروں کوقبول نہیں کریں گے۔ ہم تو قبل ازوقت کی ڈیمانڈ کررہے ہیں لیکن بروقت الیکشن میں کسی قسم کی دیرنہیں ہونی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی کو بتانا چاہیے سینیٹ میں کتنا پیسہ چلا۔ آصف زرداری کوٖغلط فہمی ہے. سینیٹ کی طرح پیسہ چلانے سے انہیں پنجاب کے وزیراعلی کا عہدہ نہیں ملے گا۔ دوسال میں نوازشریف کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے۔ نوازشریف نے پاناما انکشافات کے بعد فلیٹس کوتسلیم کیا تھا۔ فلیٹس کوتسلیم کرنے کے بعد بارثبوت شریف فیملی پرہے۔ ان کی کوشش ہے عدلیہ، نیب، فوج کو بدنام کیا جائے۔ ان کا ایک ہی مقصد300 ارب بچانا ہے۔ 29 اپریل کے جلسے میں قوم عدلیہ کیساتھ کھڑی ہوگی۔
جے آئی ٹی میں ان کی ساری جلعسازی سامنے آگئی تھی۔ ایف زیڈ ای کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتے تھے۔ واجد ضیا پرجھوٹے حملے کیے جارہے ہیں۔ کئی میڈیا ہاؤسز بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔