کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان رابطہ عوامی مہم کے سلسلے میں دو روزہ دورے پر آج نوابشاہ پہنچیں گے۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹرعارف علوی کے مطابق عمران خان 2 بجے دوپہر نواب شاہ ایئر پورٹ پہنچیں گے، وہ شیراز چوک نواب شاہ میں کارکنان سے خطاب کے بعد 4 بجے ٹریفک چوک سانگھڑ میں اور شب 8 بجے میر پور خاص، جب کہ 9 بجے ٹنڈوالہیار پہنچیں گے اور رکنیت سازی کیمپوں پر کارکنان سے خطاب کریں گے۔
عمران خان 6 اپریل کو صبح حیدرآباد میں بزنس کمیونٹی اور شہر کے اہم افراد سے ناشتے پر ملاقات کریں گے ، جب کہ 12 بجے محفوظ عرسانی اور علی جونیجو کے ہمراہ انصاف ہاؤس جامشورو روڈ کا افتتاح اور انصاف ہاؤس میں دوپہر سوا 12 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
بعد نماز جمعہ عمران خان پی ٹی آئی حیدر آباد کے جنرل سیکریٹری عمران قریشی کی رہائش گاہ واقع سٹیزن کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھی میڈیا کے مصنفین و مدیران سے ملاقات کریں گے اور 3 بجے ہالا ناکہ روڈ پر پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر امین اﷲ خان کی رہائش گاہ پر مرحوم امان اﷲ خان کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ ہو گی۔ ساڑھے 3 بجے انصاف ہاؤس حیدر آباد میں ویمن کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔
علاوہ ازیں حیدر آباد کے رکنیت سازی کیمپوں پرکارکنان سے خطاب کریں گے۔ 7 بجے خورشید چوک کو ٹری میں رکنیت سازی کیمپ پر خطاب ہو گا اور ساڑھے سات بجے کپتان کراچی کے لیے روانہ ہوں گے۔