لاہور: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کو لفظ 'طلاق' سے اختلاف، ڈراموں میں لفظ طلاق پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈراموں میں لفظ طلاق پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے۔ یہ دلچسپ قرارداد تحریکِ انصاف کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں گیا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے ڈراموں میں لفظ طلاق پر پابندی عائد کی جائے اور اس حوالے سے پیمرا کو پابند کیا جائے کہ ڈراموں میں لفظ طلاق کا استعمال نہ ہو۔
متن میں کہا گیا ہے کہ لفظ طلاق کے استعمال سے معاشرے میں برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ہمارے دینِ اسلام میں اس بھی لفظ طلاق کو مکروہ قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں یہ انوکھی قرارداد جمع کروانے والے رکن ملک تیمور مسعود کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ انہوں نے اپنی قرارداد میں یہ تو مطالبہ کر دیا ہے کہ لفظ طلاق پر پابندی عائد کی جائے لیکن یہ نہیں بتایا کہ اس کے متبادل کون سا لفظ استعمال کیا جائے اور نہ ہی یہ بتایا کہ ڈراموں میں لفظ طلاق ادا کرنے میں آخر حرج کیا ہے۔ خیال رہے کہ موصوف اس سے قبل بچوں کی مشہورِ کارٹون سیریز ڈوریمون پر پابندی کی بھی قرارداد پیش کی تھی۔
اس قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ڈورے مون کارٹون بچوں کی ذہنی نشوونما پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ڈورے مون جیسے فضول کارٹونز پر یا تو پابندی عائد کرے یا پھر ایسے کارٹونز کو نشر کرنے کیلئے ایک وقت مخصوص کرے۔