اسلام آباد: (دنیا نیوز) شفقت محمود نے الزام عائد کیا کہ مشرف دور میں فضل الرحمان اور اکرم درانی نے 600، 600 کنال اراضی اپنے نام کرائی، نیب نے ان الزامات پر انکوائری شروع کی لیکن ان کا کیس غائب کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا مخدوم زادہ مرید کاظم نے 150 کنال زمین غیر قانونی طور پر نام کرائی، وہ ابھی تک پیشیاں بھگت رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوتے ہوئے کہا نیب بتائے شہدا کیلئے زمین کشمیر کمیٹی کے رہنما فضل الرحمان کو کیسے ملی ؟۔ انہوں نے کہا اکرم خان درانی پر بھی کئی جائیدادوں کا الزام لگایا جاتا ہے، انکے اثاثے آمدن سے زائد ہیں۔
شفقت محمود کا کہنا تھا بھارتی فوج پیلٹ گنز سے کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نے کشمیر کا معاملہ کسی فورم پر نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان کی سیاست صرف ذاتی مقاصد کیلئے ہے، یہ صرف مراعات کیلئے کشمیر کمیٹی کے سربراہ بنے، فضل الرحمان کے خلاف مقدمات کی تحقیقات نہیں ہوتیں۔