پنجاب اسمبلی کے تین ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی

Last Updated On 03 April,2018 10:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے تین اراکین اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے اراکین کا تعلق پیپلز پارٹی اور ق لیگ جبکہ ایک آزاد امیدوار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں شمولیت شمولیت اختیار کرنے والے ارکانِ اسمبلی نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی۔ ان میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ایم پی اے سردار شہاب، آزاد رکن احسن فتیانہ اور مسلم لیگ (ق) کے رکن احمد شاہ کھگہ شامل تھے۔

بعد ازاں تینوں اراکین اسمبلی نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے قافلے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی وسائل ایک خاندان سے عوام میں تقسیم کرنے کا وقت آ گیا، قومی خزانے کو شیرِ مادر کی طرح برتنے والوں سے جواب طلبی ناگزیر ہے۔ پنجاب کے عوام کو محروم رکھ کر بیرونِ ملک تجوریاں بننے والوں کا محاسبہ وقت کا تقاضا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واگزار کروا کر ہی دم لیں گے۔ نظامِ حکومت کی اصلاح اور عوام کی بہبود پر بھرپور محنت کریں گے۔