پاکپتن: مانیکا خاندان نے پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ دیا

Last Updated On 31 March,2018 05:12 pm

پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا، مانیکا فیملی نے پی ٹی آئی کو خیرآباد کہہ دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر میاں احمد رضا خاں مانیکا نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ مانیکا فیملی کے ساتھ 6 یونین کونسلز کے چیئرمین، کونسلروں، پارٹی عہدیداران اور ورکروں کی بڑی تعداد نے بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑدیا۔ احمد رضا مانیکا کا کہنا تھا کہ مانیکا فیملی آئندہ چند روز میں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جب بھی پاکپتن آتے تھے کسی بھی پی ٹی آئی رہنماء سے ملاقات تک نہیں کرتے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکن بھی رابطے میں ہیں۔ دوست احباب، عزیز رشتہ داروں، تاجروں اور شہریوں کی مشاورت کے بعد جلد ہی سیاسی مستقبل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکپتن میں پیری مریدی کا بہت احترام کیا جاتا ہے، مریدین اپنی عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مریدین اپنی حدود میں رہ کر پیر کا احترام کرتے ہیں۔ جو مرید اپنی حدود کراس کرجائے اسے دنیاوی اور روحانی طور پر بھی خسارہ جھیلنا پڑے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑنے والے بلدیاتی نمائندوں میں یونین کونسلز کے چیئرمین میاں زاہد سرفراز موسیوال، سید نور شاہ بخاری، طارق رزاق بھٹی، میاں مظہر زمان بھٹی، میاں احمد رضا خاں مانیکا اور پیرغنی شامل ہیں۔ واضح رہے کے پی ٹی آئی چھوڑنے والے سیاسی رہنماء احمد رضا خاں مانیکا کپتان کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق دیور ہیں۔