اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق فاٹا پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا، عمران خان کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ 10 اراکین پر مشتمل ہے۔
عام انتخابات 2018 کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے تیاری شروع کر دی ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے فاٹا میں ٹکٹس کی تقسیم کے لئے 10 رکنی فاٹا پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق بورڈ کے چیئرمین عمران خان جبکہ وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی ہیں۔ بورڈ میں پرویز خٹک، اسد عمر، ایوب آفریدی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاٹا میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس 2 اپریل کو بنی گالا میں ہوگا جس کی سربراہی عمران خان کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات میں امیدوارو ں کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا، تحریک انصاف اپنے پارلیمانی اسکوارڈ کے حوالے سے اہم فیصلے کرے گی۔