دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیرِ صدارت پارٹی کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کو پاکستان سے باہر بھجوانے کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پی ٹی آئی نے نواز شریف اور خاندان کیلئے کسی قسم کا این آر قبول نہ کرنے اعلان کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کی جانب سے اداروں سے بات چیت کا بیان انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف قانون کے یکساں اور بے لاگ نفاذ کے علاوہ کوئی رستہ قابل قبول نہیں کرے گی، نواز شریف کیساتھ وہی برتاؤ کیا جانا چاہیے جیسا چوری اور دیگر جرائم میں ملوث عام شہریوں کیساتھ کیا جاتا ہے۔
اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال میں بدترین بگاڑ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اسد عمر کی سربراہی میں معاشی میڈیا کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس میں سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب خان بھی شامل ہونگے۔ کمیٹی معاشی بد حالی اور بد انتظامی پر وفاقی حکومت سے باز پرس کرے گی۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق اجلاس میں صادق سنجرانی سے متعلق وزیرِ اعظم کے بیان کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے بیان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ آئینی طور پر منتخب فرد کے بارے میں وزیرِ اعظم کا بیان منصب کے منافی ہے۔