سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کے روح رواں ہیں: فواد چوہدری

Last Updated On 22 March,2018 01:37 pm

اپنے وڈیو بیان میں سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سعدرفیق کی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سارے فراڈ کے پیچھے ہے، سعد رفیق بتائیں سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل خواجہ ندیم ضیاء کہاں گئے؟، خواجہ ندیم ضیاء نے پاکستان سے اربوں روپے سری لنکا منتقل کئے۔ انہوں نے کہا فواد حسن فواد اور احد چیمہ سعد رفیق اور ان کے گینگ کے سہولت کار بنے، فواد حسن فواد کا بیان ریکارڈ ہو چکا اب انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا احد چیمہ کو پلی بارگین دینا کروڑوں عوام کے منہ پر طمانچہ ہو گا، اس سارے فراڈ کی تہہ تک پہنچنا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا خواجہ ندیم ضیاء کے بارے میں علم ضروری ہے، جن لوگوں نے اس فراڈ میں وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم ہاؤسز استعمال کئے ان کے چہروں سے نقاب ہٹانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا حقائق قوم کے سامنے لانا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نیب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔