چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مشرف دور کے بعد ہر چیز نیچے جانا شروع ہوگئی، نواز شریف دور کی آصف زرداری سے بھی بری کارکردگی رہی، 4 سال میں 10 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا۔ انہوں نے کہا آصف زرداری کے دور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم تھیں، اب پٹرول کے ایک لیٹر پر 9 روپے اضافی دینے پڑیں گے۔
عمران خان نے کہا حکومت کی نااہلی اور کرپشن نہ روکنے کی وجہ سے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، بجلی پر 3 نئے سرچارجز لگا دیئے گئے ہیں، برآمدات کم ہونے کی بڑی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتیں زیادہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا درآمدات 54 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، ہم قرضے بھی لے رہے ہیں اور ریزرو بھی نیچے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ٹیکس دہندگان کی تعداد کم ہوئی ہے، 10سال پہلے ٹیکس فائلرز 21 لاکھ افراد تھے لیکن آج ٹیکس فائلرز کی تعداد ساڑھے بارہ لاکھ ہے۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار نے برآمدات کا برا حال کر دیا، عام آدمی کی قوت خرید کم ہو گئی ہے، گزشتہ سال جولائی میں 71 روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت تھی جو اب 95 روپے پر پہنچ گئی۔