اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور شیخ رشید نے شریف فیملی کے لیے کسی این آر او کو قبول نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ عمران خان اور شیخ رشید نے وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کے تناظر ميں بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے نگران سیٹ اپ اور شریف فیملی کے خلاف زیر سماعت نیب مقدمات پر بھی گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے اور تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم پر بھی اظہارِ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا نوازشریف کسی این آر او کی تلاش میں ہیں جبکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کا یوم حساب قریب آ چکا ہے۔ عمران خان اور شیخ رشید نے شریف فیملی کیلیے کسی این آر او کو قبول نہ کر نے پر اتفاق کیا۔