چیف جسٹس بیرون ملک سے لوٹی دولت واپس لائیں، شیخ رشید

Last Updated On 22 March,2018 09:22 pm

دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میری ملک سے باہر کوئی جائیداد نہیں، میں نے کوئی اثاثہ نہیں چھپایا۔ میں نواز شریف کی طرح روندو نہیں، امید کرتا ہوں فیصلہ میرے حق میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے نواز شریف اور مریم نواز بھی احتساب عدالت کے باہر میرا ذکر کرتے ہیں، ان کے دلوں میں شیخ رشید کانٹے کی طرح کھٹکھتا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ایسے نگران وزیرِ اعظم کو نہیں مانیں گے جو نواز شریف کے ہاتھ کی گھڑی ہو۔ عمران خان آن بورڈ ہونگے تو نگران وزیر اعظم کے نام کو تسلیم کریں گے۔ چاہتا ہوں کہ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ چیف جسٹس کر دیں۔

نواز شریف لوگوں کو بیوقوف بنا رہا ہے کہ ہم نہیں تو ڈالرکی قیمت بڑھی حالانکہ بیس کروڑ لوگوں کو انہوں نے غلہ منڈی میں بیچا ہے۔ آج ڈالر کی وجہ سے مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ یہ سیاست دان اقتدار نہیں دولت بنانے کے ماہر تھے۔ اسحاق ڈار کی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر نے یہاں تک ہی پہنچنا تھا۔ یہ فراڈ اور قیادت کے قابل نہیں، اسی لیے کہتا ہوں جوڈیشل مارشل لا لگایا جائے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ ملک سے لوٹی ہوئی دولت کو واپس لائیں۔