لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو چیلنج دے دیا۔ کہتے ہیں کوئی ایسا شخص لے آئیں جس کی زمین پر میں نے قبضہ کر رکھا ہو۔ تمام شواہد نیب کو دے دئیے، میری زمین کو متنازع بنانے والے احد چیمہ ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نیب میں پیش ہو گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس زمین کا کیس بنایا گیا وہ ایل ڈی اے کی منظوری کے بعد خریدی، نیب کو سارے ثبوت دیدیے ہیں۔ میرے خلاف ظفر حجازی نے درخواست دی جو نیب کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے پانچ سال سے این او سی نہیں دے رہا۔ ہر بار میری زمین کا سٹیٹس تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اگر میرے کوئی مفادات ہوتے تو مسلم لیگ ن میں شامل ہوتا۔ جب سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ایل ڈی اے کسی زمین پر این او سی نہیں دے رہا۔ ساری زندگی عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی قطری شہزادے کے خط کی ضرورت نہیں۔ 2015ء کے الیکشن کے بعد سی ڈی اے نے این او سی کینسل کر دیا۔ میں نے نیب کو تمام شواہد دے دیے ہیں۔ میری زمین پر مسئلہ ڈالنے والا احد چیمہ ہے۔ مجھے نیب بلائے گا تو ہر روز آؤں گا۔ سارے ادارے میرے خلاف کام کر رہے ہیں۔