کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا، ان کا کہنا ہے کہ اگر اسمبلی سیشن سے قبل 17 اپریل تک ایمنسٹی اسکیم پر کمیٹی نہیں بنائی گئی تو احتجاجی طور پر اپنا استعفی اور ستارہ امتیاز اسپیکر کو پیش کر دیں گے۔
حکومت کی ایمنسٹی اسکیم پر ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ خواجہ سہیل منصور نے اسکیم کے خلاف احتجاجا اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ خواجہ سہیل منصور کا کہنا ہے کہ ایوان میں طے ہوا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم پر کمیٹی تشکیل دی جائے گی لیکن اسپیکر نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ زیادتی پر وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ اگر اسمبلی سیشن سے قبل 17 اپریل تک ایمنسٹی اسکیم پر کمیٹی نہیں بنائی گئی تو احتجاجا اپنا استعفی اور ستارہ امیتاز اسپیکر کو پیش کر دیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے ایمنسٹی اسکیم پر از خود نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔