لاہور: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف نے خواجہ آصف کی نااہلی پر جشن منایا۔ سیالکوٹ کے جناح ہاؤس میں کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، نوٹ نچھاور کئے گئے، بنی گالہ اور لاہور میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بڑی وکٹ گرنے پر پی ٹی آئی کا جشن، ہلہ گلہ اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے نااہلی کا فیصلہ آتے ہی خواجہ آصف کے آبائی شہر سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کا مرکزی آفس نعروں سے گونج اٹھا۔ پرجوش کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ کھلاڑیوں نے عثمان ڈار کے بھائی کو کندھوں پر اٹھا لیا، نوٹ نچھاور کیے اور مٹھائی بھی بانٹی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ میں بھی خوشی کا سماں رہا، عمران خان نے عثمان ڈار کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر عثمان ڈار نے عمران خان کو مٹھائی بھی کھلائی، سینئر قیادت بھی عدالتی فیصلے پر خوش نظر آئی۔
خواجہ آصف کی نااہلی کی خوشی میں لاہور میں کھلاڑی چیئرنگ کراس پہنچ گئے اور جشن منایا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مٹھائی تقسیم کی، پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میاں محمود الرشید نے مٹھائی بانٹی، اپوزیشن ارکان اس موقع پر نعرہ بازی بھی کرتے رہے۔