لاہور (دنیا دنیوز) وزیر خارجہ اور ن لیگی رہنما خواجہ آصف کی نااہلی کے فیصلے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ن لیگ کے صدر نے لکھا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ خواجہ آصف صاحب کو سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ صاحب پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں- مجھے یقین ہے کہ خواجہ آصف صاحب کو عدالت عظمیٰ سے انصاف ملے گا... خواجہ صاحب پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں...
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 26, 2018
اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مجھے عدالتِ عظمیٰ سے انصاف کی پوری توقع ہے لیکن اگر فیصلہ برقرار رہتا ہے تو سیالکوٹ سے انتخابات میں نواز شریف کا کوئی دوسرا کارکن میدان میں اترے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف تاحیات نااہل، الیکشن کمیشن نے رکنیت معطل کر دی
ان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کا حق رکھتا ہوں، میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرونگا۔ میں نے کوئی چیز نہیں چھپائی اپنے تمام اثاثے ظاہر کر چکا ہوں اور مکمل ٹیکس بھی دیا ہے۔ میں نے جو خدمت کی وہ عوام کے سامنے ہے۔ عدالتِ عظمیٰ سے انصاف کی توقع ہے۔
ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میری اہلیہ کا نیویارک میں اکاؤنٹ ہے جو ظاہر کیا گیا ہے اس کے علاوہ 1983ء سے دبئی میں میرا اکاؤٹ ہے جسے میں ظاہر کر چکا ہوں جبکہ اپنی گلوبل انکم پر بھی ٹیکس دیتا ہوں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جاؤں گا لیکن اگر میری نااہلی برقرار رہتی ہے تو سیالکوٹ سے نواز شریف کا کوئی اور کارکن الیکشن لڑے گا۔
خواجہ آصف کا عدالتی فیصلے پر کہنا تھا کہ میری وکٹ ووٹوں سے نہیں گرائی گئی، جس طرح وکٹ گری، کمنٹ نہیں کرنا چاہتا، ووٹ نواز شریف کا ہے جو بھی کھڑا ہو گا ووٹ ملے گا، میرا بیٹا اگر الیکشن لڑنا چاہے گا تو میرے لیے اس سے بہتر اور کیا ہو گا؟