اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تین یا چار ماہ کا بجٹ پیش کرتے تو ہمیں اعتراض نہ ہوتا، اخلاقی طور پر حکومت کو پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ پاکستان کی تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی مدت پوری کر رہی ہے لیکن حکومت بجٹ پیش کر کے اگلی حکومت کا حق چھین رہی ہے، تین یا چار ماہ کا بجٹ پیش کرتے تو ہمیں اعتراض نہ ہوتا، اخلاقی طور پر حکومت کو پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ آئندہ جو بھی حکومت آئے گی اس کا حق نہیں چھیننا چاہیے۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ تکلیف دہ بات ہے کہ مفتاح اسماعیل کو وزیر کا عہدہ دیدیا گیا۔ حکومت ایک غیر منتخب شخص کو بجٹ پیش کرنے کیلئے لائی جو پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ حکومت کے پاس منتخب وزیرِ مملکت رانا افضل تھے، پھر کیا باہر سے بندہ لانے کی کیا ضرورت تھی؟ کیا وزیرِاعظم خود بجٹ پیش نہیں کر سکتے تھے۔ نواز شریف کا بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو، آج آپ ووٹ کی عزت کو خراب کر رہے ہیں۔