اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگلی حکومت کا اختیار ہے کہ وہ جیسے چاہے بجٹ میں تبدیلی کر لے، تاہم اپوزیشن فکر نہ کرے انشا اللہ آئندہ حکومت بھی ہماری ہو گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کیلئے درد کا احساس ہے، بجٹ پیش کرنا ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
وزیرِاعظم نے قائدِ حزاب اختلاف کی جانب سے مفتاح اسماعیل کو وزیر بنانے کے اعتراض پر کہا کہ جس شخص نے محنت کی اس کا حق ہے کہ وہ فلور پر کھڑا ہو کر بجٹ پیش کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ایک سال کا بجٹ پیش کرنا حکومت کا اختیار ہے تاہم اگلی حکومت چاہے تو اس میں ردوبدل کر سکتی ہے لیکن اپوزیشن فکر نہ کرے انشااللہ چار ماہ بعد بھی ہماری ہی حکومت ہو گی۔
آپ کی حکومت بد قسمتی سے آگئی تو آپ تبدیلی کر لیں، میں دیکھوں گا آپ کونسی تبدیلیاں کرتے ہیں۔ اس بجٹ جیسا ریلیف اس سے پہلے نہیں دیا گیا
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن ہمت پیدا کرے اور بجٹ سنیں، تکلیف آپ کو ضرور ہو گی کیونکہ بجٹ ریلیف پر مشتمل ہے۔ رانا صاحب وزیرِ مملکت ہیں، فنانس کی ذمہ داری مجھ پر تھی۔ بجٹ مکمل طور پر آئینی طور پر پیش کر رہے ہیں، مفتاح اسماعیل بجٹ پیش کر رہے ہیں اور یہ کابینہ کا فیصلہ ہے۔