لاہور: (دنیا نیوز) وزیرقانون پنجاب راناثنا اللہ کے خواتین کیخلاف نازیبا ریمارکس کا معاملہ خاتون محتسب تک پہنچ گیا۔ پی ٹی آئی خواتین نے درخواست جمع کرا دی۔
پارٹی رہنما سارہ احمد اور خواتین ایم پی ایز نے خاتون محتسب میں درخواست جمع کرائی۔ خواتین ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں، رانا ثنااللہ اس سے پہلے بھی خواتین کے حوالے سے نازیبا گفتگو کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ خاتون محتسب انہیں انصاف دلوائیں گی، پی ٹی آئی خواتین نے واضح کیا کہ اگر رانا ثنااللہ نے معافی نہ مانگی تو معاملہ مرکز تک لے کر جائیں گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں:راناثناءاللہ کا بیان نا مناسب قرار، شہباز شریف نے معذرت کر لی
یاد رہے پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف وزیرقانون پنجاب راناثناء اللہ کے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کے بارے میں ناشائستہ بیان پر معذرت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے بیان سے کسی کا دل دکھا تو اس پر معذرت خواہ ہوں۔
شہباز شریف نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی وہ مخالف سیاسی جماعتوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے صبر و تحمل اور شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ایسے الفاظ سے گریز کریں جن سے کسی کی دل شکنی ہو۔