اسلام آباد: (رپورٹ:نوید اکبر) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی خبر جیسے ہی میڈیا پر آئی، پاکستان میں اہم ممالک کے سفارتخانوں کی طرف سے حکومتی اہلکاروں اور ذرائع ابلاغ سے رابطے شروع کرد ئیے گئے تاکہ ساری صورتحال سے اپنے اپنے دارالحکومتوں کو آگاہ کیا جاسکے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بعض سفارتخانوں کی طرف سے وزارت خارجہ سے را بطہ کر کے احسن اقبال پر حملے کی معلومات حاصل کی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا کے اہم دارالحکومتوں کے علاوہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کو واقعہ کی رپورٹ بھجوائی گئی۔
پاکستان میں امریکہ، برطانیہ سمیت کئی ممالک کے سفار تخانوں کی طرف سے ٹو ئٹر اور دیگر ذرائع سے واقعہ کی مذمت اور وزیر داخلہ کی جلد صحت یابی کے بیانات جاری کئے گئے، چین کی طرف سے بھی ساری صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ وزیر داخلہ احسن اقبال سی پیک کے حوالے سے بہت زیادہ اہمیت کے حامل وزیر ہیں۔