پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکرات کیلئے بیٹھ جائے۔ ہماری ضرورت پڑی تو ہم پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
باچا خان مرکز پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے مطالبات جائز ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکرات کیلئے بیٹھ جائے۔ ہماری ضرورت پڑی تو ہم پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اس بار بھی قبائلی علاقوں کو حصہ نہ دیا گیا تو اس کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت پر ہو گی۔ الیکشن کمیشن کو فاٹا میں جلد ازجلد حلقہ بندیاں مکمل کرنے کو کہا ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس میں بہت وقت لگے گا۔
اسفندیار ولی نے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کے مابین غیر فطری لکیر موجود ہے جو پختونوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں کر سکتی۔ اے این پی کا کارنامہ ہے کہ اس نے اس صوبے اور اس کے عوام کو نام دیا۔ خواتین کے بغیر کوئی بھی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی۔