اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے امریکا کی جانب سے ایران کیساتھ ایٹمی معاہدہ ختم کرنے کے اقدام پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سے مذاکراتی عمل اور سفارتکاری پر اعتماد کمزور ہو گا۔
ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی منسوخی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ معاہدہ ختم کرنے سے معاملہ سلجھانے کی کوششوں کو ٹھیس پہنچے گی۔ امریکی اقدام سے مذاکراتی عمل اور سفارتکاری پر اعتماد کمزور ہو گا۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی علیحدگی کے باوجود دیگر فریقین ابھی بھی معاہدے پر کاربند رہنے کیلئے رضامند ہیں۔ پاکستان نے ایران اور عالمی قوتوں کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا تھا۔ امید ہے تمام فریقین معاہدے پر عملدرآمد کیلئے کوئی راہ نکالیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے نے بھی ایران کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔