وادی نیلم میں پل ٹوٹنے سے 7 سیاح جاں بحق

Last Updated On 13 May,2018 06:37 pm

وادی نیلم: (دنیا نیوز) سیلفی بنانے کا شوق مزید کئی گھروں میں ماتم برپا کر گیا۔ وادی نیلم میں معلق پل ٹوٹنے سے ستائیس سیاح نالہ جاگراں میں جا گرے۔ فیصل آباد کے تین طالبعلموں اور ایک ٹیچر سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے، نو کی تلاش جاری ہے۔ آرمی چیف نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفریح موت کا بہانہ بن گئی۔ سیلفیوں کا شوق مزید زندگیاں نگل گیا۔ وادی نیلم میں بے رحم لہروں نے کئی ماؤں کی گود اجاڑ دی۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ نالہ جاگراں کے تفریحی مقام کٹن میں سیاحوں کی بڑی تعداد تصویر لینے کیلئے جمع تھے۔ معلق پل وزن برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا، درجنوں افراد نالے میں بہہ گئے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق سیاحوں میں کئی کا تعلق فیصل آباد کے نجی کالج سے تھا۔ واقعے کے بعد پاک فوج اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

آرمی چیف نے وادی نیلم میں پل ٹوٹنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم آزاد کشمیر نے بھی قیمتی جانوں کے زیاں پر دکھ کا اظہار کیا۔ فیصل آباد کے نجی کالج کے ٹرپ پر گئے طلبہ ایک دن پہلے ہوٹل کے لان میں خوشیاں مناتے رہے، طالبعلموں کی تفریح کی ویڈیو دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔