راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک کی سیاسی اور فوجی قیادت نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر آج سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ عسکری ترجمان کے مطابق وزیرِاعظم کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی جو انہوں نے قبول کر لی۔
نواز شریف کا ممبئی حملوں پر متنازع اور ہنگامہ خیز بیان، پاک فوج کی تجویز پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب، آئی ایس پی آر کی جانب سے سابق وزیرِاعظم کا بیان گمراہ کن قرار۔
پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں ممبئی حملوں کے حوالے سے گمراہ کن بیان پر بات ہو گی۔ اجلاس کیلئے وزیرِاعظم کو تجویز دی گئی تھی۔
NSC meeting suggested to Prime Minister to discuss recent misleading media statement regarding Bombay incident. Being held tomorrow morning.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) May 13, 2018
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے جس میں دفاع، خارجہ، خزانہ، داخلہ اور اطلاعات کے وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ اور مشیر قومی سلامتی شرکت کریں گے۔