نواز شریف بیان واپس لیں یا وضاحت دیں: شیری رحمان

Last Updated On 13 May,2018 08:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے نواز شریف کے حالیہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے شدید دکھ اور غصہ ہے، میاں صاحب اپنا بیان واپس لیں یا فوری طور پر وضاحت کریں۔

 

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے بیان سے پوری دنیا میں سوال اٹھ رہے ہیں۔ پاکستان کو عالمی سطح اور خطے میں ناکامی کا ہدف بنایا جا رہا ہے۔ نواز شریف کو نہیں معلوم؟ ان کے بیان سے عالمی برادری میں کیا ردعمل آئے گا۔ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ کے مقدمے میں کسی کو زہر نہیں گھولنے دیں گے۔

شیری رحمان نے کہا کہ مجھے شدید دکھ اور غصہ ہے۔ ہمارا ملک پرامن اور جمہوری ہے لیکن بھارتی چینلز پاکستان کیخلاف پروپگنڈا کر رہے ہیں۔ نواز شریف ایسے بیانات سے لوگوں کی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ وہ یا تو فوری طور پر اپنا بیان واپس لیں یا اس کی وضاحت دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی پاکستان کیخلاف ایک لفظ نہیں بولا۔ ہم ہمیشہ پاکستان کے دفاع کے لیے فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں اگر کسی کا نام ہوتا ہے تو پیپلز پارٹی کے لوگوں کا ہوتا ہے۔