کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لیے کراچی کے امن سے زیادہ کچھ نہیں، ہم حکیم محمد سعید گراؤنڈ میں جلسہ نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے امن کیلئے عمران خان کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی سے کہتا ہوں کہ جلسے کیلئے کوئی جگہ تلاش کر دیں اور عمران خان کو پیشکش کرتا ہوں کہ آ کر حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کا رویہ ہولناک رہا لیکن اس کے باوجود شہر کے امن کیلئے یہ پیشکش کر رہا ہوں۔ کراچی میں ہم نے بڑی مشکل سے امن قائم کیا ہے، اسے اب خراب ہونے نہیں دیں گے۔
اس کے جواب میں تحریکِ انصاف نے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عمرام اسماعیل نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے کراچی کے امن سے زیادہ کچھ نہیں، ہم حکیم محمد سعید گراؤنڈ میں جلسہ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے بھی بلاول بھٹو کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی تجویز دی تھی کہ دونوں جماعتیں کسی اور جگہ جلسہ کر لیں۔