کراچی: (دنیا نیوز) گزشتہ رات حکیم سعید گراؤنڈ میں فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار علی زیدی کے گارڈ نکلے۔ ہنگامہ آرائی کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے جس میں پی ٹی آئی اور پی پی کے 700 کارکن نامزد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات حکیم سعید گراؤنڈ میں فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار تحریکِ انصاف کے رہنما علی زیدی کے سیکیورٹی گارڈ ہیں جن کے نام محمد عارف اور محمد ندیم ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبل محمد عارف نے 17 گولیاں چلائیں جبکہدوسرے پولیس اہلکار محمد ندیم نے 18 گولیاں چلائیں، دونوں پولیس اہلکاروں کی جانب سے 35 گولیاں چلائی گئیں۔ پولیس اہلکاروں نے ہنگامہ آرائی کے دوران ہوائی فائرنگ کی۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں بے دریغ استعمال ہونے والا اسلحہ بھی سرکاری تھا۔
چند روز قبل عدالتی احکامات پر گن مین واپس چلے گئے تھے۔ علی زیدی کو ہوم ڈیپارٹمنٹ کی تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی جانب سے گن مین دیے گئے تھے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو پیشکش کی ہے کہ دونوں جماعتیں حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ نہ کریں۔ جلسے کیلئے پی ٹی آئی نے تین مختلف مقامات پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی مزارِ قائد، لیاقت آباد فلائی اوور یا گلشن اقبال الہ دین پارک کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔