کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 12 مئی کو حکیم سعید گراؤنڈ جلسے سے پہلے ایکشن سے بھرپور ٹریلر چل گیا، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے کیمپ جلا دیئے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت پر مبینہ تشدد کے بعد ان کے کپڑے پھاڑ دئیے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت تھانے میں کارکنوں کے ہمراہ ایف آئی آر درج کروانے پہنچے ہی کہ وہاں پر موجود پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے مبینہ طور پر عامر لیاقت کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس موقع پر عامر لیاقت کا کہنا تھا تھانے میں موجود پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے مجھ پر حملہ کیا اور کپڑے پھاڑ دیئے، نشے میں دھت کارکنوں نے گالیاں دیں۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کراچی میں غنڈہ گردی کر رہی ہے۔
عامر لیاقت کا کہنا تھا پرامن طریقے سے دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں صلح کروانے آیا تھا، کپڑے پھاڑنے والی پیپلزپارٹی عوام کو کیا روٹی، کپڑا اور مکان دے گی ؟
عابد شیر عیلی نے اپنے ٹویٹ میں کہا عامر لیاقت کی کراچی میں بہت دھلائی کی ہے میں اسکی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔