لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی پنجاب محاذ اور تحریک انصاف کے مذاکرات کامیاب ہو گئے، پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کر دی، جنوبی پنجاب محاذ کا تحریک انصاف میں انضمام کا حتمی اعلان کل ہوگا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب محاذ کے درمیان مذاکرات مکمل ہو گئے، جنوبی پنجاب محاذ کے 18 سے زیادہ اراکین نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان جنوبی پنجاب صوبے کی پہلے ہی تائید کر چکے ہیں، انہوں نے 11 نکات میں بھی جنوبی پنجاب کی بات کی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان نے کہا جنوبی محاذ پنجاب گروپ پی ٹی آئی میں ضم ہو رہا ہے، انکے اراکین نے اچھا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی محاذ پنجاب سیاسی جماعت نہیں تھی ایک گروپ تھا، واضح کر چکے ہیں الیکشن میں کسی کے ساتھ اتحاد میں نہیں جا رہے، باقی تفصیلات کل اسلام آباد میں جاری کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق کل جنوبی پنجاب محاذ کی قیادت کی عمران خان سے ملاقات ہوگی، میر بلخ شیر مزاری، خسرو بختیار ساتھیوں سمیت عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں فیصلے کا اعلان ہوگا، جنوبی پنجاب محاذ کے ارکان اب آزاد کی بجائے بلے کے نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔