کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی آج باغ جناح میں جلسہ کر رہی ہے، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کے مطابق جلسہ گاہ میں تقریباً 40 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، 120 فٹ لمبا، 40 فٹ چوڑا، 20 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جلسہ گاہ کے اطراف میں پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اسٹیج کی سکیورٹی جانثاران شہید بے نظیر بھٹو سنبھالیں گے۔ جلسے کا آغازشام 4 بجے ہو گا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سعید غنی و دیگر نے جمعہ کو جلسہ گاہ کا دورہ کر کے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی رات گئے باغ جناح میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا، مراد علی شاہ جلسہ گاہ پہنچے تو جیالوں نے انہیں گھیر لیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو شہر قائد کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں کراچی سے پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں:کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم
یاد رہے کراچی میں گلشن اقبال کے حکیم سعید گراونڈ میں جلسے کے لئے جیالوں اور کھلاڑیوں میں تصادم بھی ہوا، جس کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا، لاٹھیاں برسائیں اور کیمپ جلا دیئے۔ پتھراؤ سے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اس دوران کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ مظاہرین نے 2 گاڑیاں پھونک دیں۔
کشیدگی کے بعد دونوں جماعتوں نے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراونڈ میں جلسہ کرنے کی بجائے مقام تبدیل کر لیا، اب پاکستان پیپلزپارٹی باغ جناح جبکہ پاکستان تحریک انصاف راشد منہاس روڈ پر الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔