’مودی کی زبان بولنے والا ملک کے مستقبل سے کھلواڑ پر اتر آیا‘

Last Updated On 13 May,2018 09:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو دورِ جدید کا میر جعفر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی زبان بولنے والا ملک کے مستقبل سے کھلواڑ پر اتر آیا، صرف کرپشن بچانے کیلئے ادارے تباہ کرنے پر تلے ہیں۔

 سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف دورِ جدید کا میر جعفر ہے جس نے ذاتی مفادات کیلئے انگریزوں سے ہاتھ ملا کر قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا۔ نواز شریف محض چوری کے 300 ارب روپے، جو انہوں نے اپنے بیٹوں کی بیرونِ ملک کمپنیوں میں چھپا رکھے ہیں، بچانے کیلئے ریاستِ پاکستان کیخلاف مودی کی زبان بول رہے ہیں۔

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ نواز شریف کا اصل چہرہ آج پوری طرح قوم کے سامنے ہے۔ اپنی سیاہ کاریاں بچانے کیلئے نواز شریف فوج، نیب اور سپریم کورٹ جیسے ریاستی ادارے تباہ کرنے پر بضد پر ہی بضد نہیں بلکہ یہ پاکستان کے مستقبل سے کھلواڑ پر اتر آیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف! قوم کو بتائیں کہ اپنے چار سالہ دورِ وزارتِ عظمیٰ کے دوران انہوں نے اپنی زبان کیوں نہیں کھولی اور کیوں کوئی کارروائی نہیں کی؟ آج بھی تو ان کا ہی ایک مہرہ وزیرِاعظم ہے۔