لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ نواز شریف کے بیان کی حقیقت جانے بغیر بھارتی پراپیگنڈا درست مان لیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے نواز شریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں نواز شریف کی جانب سے ممبئی حملوں پر بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ بد قسمتی سے ملک میں بھی اس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور امیڈیا کا ایک حصہ بھی بھارتی پراپیگنڈا کا حصہ بن گیا اور نواز شریف کے بیان کی حقیقت جانے بغیر بھارتی پراپیگنڈا درست مان لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے 1998ء میں پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے سب سے مشکل فیصلہ کیا اور تمام تر غیر ملکی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے منتخب صدر ہیں جو پارٹی کا پیغام ملک کے طول و عرض میں پھیلا رہے ہیں اور الیکشن مہم میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے حوالے سے شہباز شریف کے کردار سے متعلق بھی نواز شریف کے بیان کی غلط تشریح کی گئی۔
دوسری جانب وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان پر میڈیا احتیاط کرے، سابق وزیرِاعظم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، بھارت کا میڈیا یہی چاہتا ہے کہ پاکستان کے سیاسی لیڈروں کو بدنام کیا جائے، اس لئے احتیاط کی جائے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں نواز شریف سے چند ریمارکس غلط طور پر منسوب کیے گئے، ان سے منسوب ریمارکس پارٹی پالیسی کی نمائندگی نہیں کرتے۔ پختہ یقین ہے کہ پاکستان کا مفاد ذاتی اور سیاسی مفاد سے بالاتر ہے۔ قومی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ریاستِ پاکستان اور تمام ادارے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ساتھ کھڑے ہیں۔