لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ وسیم سمیت 6 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی، تمام ملزممان کو جواب دینے کیلئے 7 روزکی مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے قصور عدلیہ مخالف احتجاج کرنے والے ارکان اسمبلی سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ فل بنچ نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اور رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر سمیت 6 افراد پر فرد جرم عائد کر دی۔ ارکان اسمبلی نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
مقامی لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پہلے بھی عدلیہ کا احترام کرتے تھے اور اب بھی کرتے ہیں، غیر دانستہ طور پر جرم سرزد ہوا۔ فل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا لیڈر بھی سارا دن یہی کام کرتا ہے۔ تین ملزموں کے وکلا کی جانب سے غیر مشروط معافی کی استدعا کی گئی جس پر فل بنچ نے قرار دیا یہ کورٹ آف لاء ہے یہاں کسی کے خلاف فیصلہ نہیں ہوگا، قانون کی حکمرانی ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے ارکان اسمبلی کیخلاف توہین عدالت کی مزید کارروائی 18 مئی تک ملتوی کر دی۔