لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی دونوں نے اپنے صوبوں کا حلیہ بگاڑ دیا، باشعور عوام زرداری اور نیازی دونوں بھائیوں کو پہچان چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی سب کیلئے رول ماڈل ہے، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کے پروگرام پر محنت سے کام کیا۔ انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں عوام کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے، اصول کی سیاست کے دعویدار سیاستدانوں نے وصولی کر کے بے اصولی کا نیا ریکارڈ بنایا ہے،پاکستان کے باشعور عوام زرداری اور نیازی دونوں بھائیوں کو پہچان چکے ہیں۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فلاح عامہ کیلئے بے مثال اقدامات ان عناصر کی سیاست کو دفن کر دیں گے، آئندہ الیکشن خدمت، دیانت اور شفافیت کی جیت کی نوید لائے گا۔