فیصل آباد: (دنیا نیوز) نیب نے نواز شریف کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا، کیا یہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کی توہین کے زمرے میں نہیں آتا؟ بھارت پیسے بھیجنے سے اچھا ہمیں پھانسی دے دیں، وزیر مملکت عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو، الیکشن کرانے کی بات کرنے والے عمران خان اب کیوں بھاگ رہے ہیں۔
پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر مملکت پانی وبجلی چودھری عابد شیر علی نے نیب پر خوب گولہ باری کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب نے میاں نواز شریف کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا ہے، صرف اخباری تراشوں کی بنیاد پر سابق وزیراعظم اور پارلیمنٹ کی توہین کی گئی۔ ایسے الزامات سے تو بہتر ہے انہیں پھانسی دے دی جائے۔ ملک لوٹنے والے جتنے لوگ ہیں وہ عمران خان کی پلیٹ میں سجائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سربراہ نیب کو نوازشریف پر الزامات لگانے پر معافی مانگنی چاہیے۔ انڈیا کو فائدہ دینے سے بہتر ہے ان کو سزائے موت دے دی جائے۔ بلوچستان، سندھ، کے پی کے میں نیب سو رہا ہے اور ادھر اخباری تراشوں پر نوٹسز جاری ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جتنے لوٹے ہیں عمران خان کو اکٹھے کر کے دیے جارہے ہیں۔ پہلے عمران خان کو الیکشن کی بہت جلدی تھی اب 2 ماہ کا وقت کیوں مانگ رہے ہیں۔ الیکشن میں پتہ لگ جائے گا عوام کس کے ساتھ ہیں۔
عابد شیرعلی نے پی پی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا اویس ٹپی کرپشن میں آصف زراداری کا فرنٹ مین ہے، جسے کلین چٹ دے دی گئی ہے۔