ہیوسٹس: (دنیا نیوز) ٹیکساس سکول فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونیوالی پاکستانی طالبہ سبیکا کی نمازجنازہ ہیوسٹن میں ادا کر دی گئی، میئر ہیوسٹن، اراکین کانگرس، قونصل جنرل عائشہ فاروقی سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سبیکا کے جسد خاکی کچھ دیر بعد پاکستان روانہ کیا جائیگا۔
پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سبیکا کا جسد خاکی ہیوسٹن کی ڈیلس مسجد لایا گیا، مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نمازہ جنازہ سے قبل قرآن خوانی کا اہتمام اور نوافل ادا کیے گئے، ایصال ثواب کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ سبیکا کے میزبان خاندان نے نماز جنازہ کے بعد سبیکا کے ساتھ گزارے وقت کا جذباتی انداز میں ذکر کیا جس سے حاضرین اشکبار ہو گئے۔
اس موقع پر شرکا نے کہا کہ سبیکا کی موت دل گرفتہ کر گئی۔ انہوں نے امریکی حکومت سےتعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ کانگرس رکن شیلا جیکسن نے بھی سبیکا کے قتل پر گہرے دکھ اور غم کا اظہارکیا۔ تعزیتی تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی اور میئر ہیوسٹن نے بھی شرکت کی۔
دوسری طرف سبیکا کے گھر تعزیت کرنیوالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی گزشتہ روز کراچی میں سبیکا کے والدین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا پوری قوم سبیکا کی موت پر سوگوار ہے۔ ایم کیوایم پی آئی بی کے سینئر رہنما فاروق ستار، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم، ایم کیو ایم بہادرآباد کے خواجہ اظہار الحسن، مسلم لیگ ن کے رانا مشہود، سلیم ضیاء اور دیگر رہنماؤں نے بھی سبیکا کے والد سے اظہار تعزیت کیا۔