جہانگیر ترین پارٹی لیڈرشپ کیلئے مشکل کھڑی نہ کریں: حامد خان

Last Updated On 24 May,2018 11:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ نااہل ہونے والوں کو خود ہی سمجھ لینا چاہیے، نااہل ہونے والا الیکشن نہیں لڑ سکتا تو انہیں خود ہی علیحدہ ہو جانا چاہیے۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں کوئی تنازع ہے، اگر کوئی وجہ ہے تو جہانگیرترین خود ہیں، پارٹی کے موقف سے نفی کرنے سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے۔ ان کو خود سوچنا چاہیے پارٹی لیڈرشپ کے لیے مشکل کھڑی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین چیئرمین پی ٹی آئی کی آنکھ کا تارہ نہیں، عمران خان مروت ضرور برتتے ہیں۔

حامد خان نے کہا کہ نااہلی کے بعد پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں سنبھال سکتا، نااہل ہونے والوں کو خود ہی سمجھ لینا چاہیے، نااہل ہونے والا الیکشن نہیں لڑ سکتا تو انہیں خود ہی علیحدہ ہو جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پارٹی کے اندر بڑی بے چینی پائی جاتی ہے، جو نااہل ہو گیا اسے خود ہی خیال کرنا چاہیے کیونکہ یہ معاملہ قانونی ہے، اس وجہ سے پارٹی کو بڑی شرمندگی کا سامنا ہے۔ جو موقف نواز شریف وہی اپنی پارٹی کے لیے اپنانا چاہتے ہیں، جسے سپریم کورٹ نااہل قرار دے وہ پارٹی معاملات نہیں چلا سکتا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹیاں بدلنے والوں کی معاشرے میں عزت نہیں ہوتی، ایسے لوگوں کی سیاسی طور پر کوئی عزت نہیں کرتا۔ اصل کارکن تو ہم ہیں، ایسے لوگ تو فصلی جو جہاں مرضی چلے جاتے ہیں۔